اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی بلوں میں اضافے کی تیاری، صارفین پر 95 ارب روپے بوجھ کا امکان

پاور ڈویژن کی نیپرا کو درخواست، تینوں ماہ کے لیے فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافے کی استدعا، نیپرا بجلی نرخوں میں اضافے کی درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے رواں سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی تیاری کرلی، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے، جس پر نیپرا 2 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور ڈویژن کی جانب سے نیپرا کو بھیجی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے لیے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافہ منظور کیا جائے، یہ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026ء کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے، جب کہ نیپرا اس درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا جس میں اضافے کی منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل اکتوبر کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی تھی، جبکہ نومبر کے لیے وزارتِ توانائی نے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا تھا، اسی طرح دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے حکومتی اندازہ یہ ہے کہ بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ 5 روپے 13 پیسے اضافہ کرنا پڑے گا۔
تاہم ان الگ الگ تخمینوں کے تناظر میں پاور ڈویژن کی نئی درخواست میں تینوں مہینوں کے لیے اضافے کی شرح یکساں طور پر اوسطاً 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پاور ڈویژن کی درخواست کے مطابق اگر نیپرا کی جانب سے اس تجویز کی منظوری دے دی جاتی ہے تو اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بلوں کے ذریعے بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 95 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert