نال آپریشن میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی قابل ستائش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان Mir Sarfraz Bugti نے ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں Mir Sarfraz Bugti نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران 14 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ ایسے عناصر صوبے میں بدامنی اور خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم ریاستی ادارے ان کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے لانس حوالدار Muhammad Abbas کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے یہ بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert