تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور کے علاج میں اہم پیش رفت، چہرے کی گرافٹنگ اور پلاسٹک سرجری کامیاب

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی ڈاکٹر ماہ نور کے علاج کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ان کے چہرے کی گرافٹنگ اور ناک کی معمولی پلاسٹک سرجری کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق پلاسٹک سرجنز پر مشتمل تین رکنی ماہر ٹیم نے ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے کی گرافٹنگ کا عمل انجام دیا، جس کے بعد ان کی صحت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں، تاہم چہرے کو زیادہ سے زیادہ اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے آئندہ بھی مزید گرافٹنگ اور دیگر ضروری سرجریز کی جائیں گی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کی ایک آنکھ مکمل طور پر محفوظ اور درست حالت میں ہے، جبکہ دوسری آنکھ میں معمولی دھندلا پن موجود ہے، جس کے علاج کا عمل جاری ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریضہ کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے اور مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ حالیہ کامیاب مرحلے کے تقریباً ایک ہفتے بعد گرافٹنگ کے مزید مراحل شروع کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ حصوں کی بحالی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
