پیپلز ایئر ایمبولینس سروس دور دراز علاقوں کے مریضوں کیلئے اہم سہولت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے شروع کی گئی پیپلز ایئر ایمبولینس سروس دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مریضوں کو بروقت طبی امداد اور بہتر علاج کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے منتقل ہونے والے مریضوں کی جان بچانے میں محفوظ خون کی دستیابی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے انسانیت کی خدمت، ایثار اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ ان کے مطابق خون کا ایک عطیہ کسی انسان کے لیے نئی زندگی، امید اور تحفظ کا پیغام بن سکتا ہے، جبکہ محفوظ اور رضاکارانہ خون کی دستیابی ایک مضبوط اور مؤثر صحت نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثات، سرجری، زچگی اور مختلف امراض کے مریضوں کی زندگی بروقت خون کی فراہمی سے وابستہ ہوتی ہے، اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والے افراد انسانیت کے حقیقی محسن ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، جبکہ مختلف اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ ہر شہری کو بہتر علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے نوجوانوں، تعلیمی اداروں، سماجی کارکنوں اور فلاحی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ خون عطیہ کرنے کے کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی روایت کو فروغ دے کر انسانی جانوں کے تحفظ اور انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالیں۔

WhatsApp
Get Alert