الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج کی خدمات لینےکا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، صوبائی حکومت امن وامان قائم رکھنے میں ناکام رہی تھی، پاک فوج کی تعیناتی سے پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پولنگ سٹیشنوں پر بےضابطگیوں کے کیسوں کی سماعت کی۔
اس موقع پر مختلف شواہد اورویڈیو کی بنیاد پر واضح ہوا کہ صوبائی حکومت انتخابات کے دروان امن و امان قائم رکھنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ اس تناظر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پولیس کے ساتھ پاک فوج تعینات ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت امن وامان قائم رکھنے میں ناکام ہوئی، پاک فوج کی تعیناتی سے پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ پر برازیل کے تجربات سے مستفید ہونے کے لئے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ایک اعلی سطح وفدنے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں پاکستان میں برازیل کے سفیر Mr Olyntho Vieiraسے ملاقات کی، جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے برازیل کے سفیر کوانتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے نئے قوانین کی روشنی میں ایم وی ایم ، بی وی ایم اور آئی ووٹنگ پر کئے گئے پائلٹ پروجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نئی ٹیکا لوجی کے حصول کیلئے مسلسل کاوشیں کر رہا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکے تاہم ٹیکنالوجی کے استعما ل میں درپیش مشکلات کے حوالے سے پاکستان برازیل جیسے ممالک جہاں پر اس کا کامیابی سے استعمال کیا جا چکا ہے، الیکشن کمیشن ان تمام ممالک بشمول برازیل کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
میٹنگ میں دونوں اطراف سے اس سلسلے میں ماہرین کی سطح پر رابطے ، تربیت اور الیکشن کمیشن کے سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ برازیل کے سفیر نے میٹنگ میں بتایا کہ برازیل میں بتدریج ای وی ایم ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا گیا اور اس تمام عرصے میں ای وی ایم کو الیکشن میں استعمال کے قابل بنانے کے لئے انہیں تیس سال (30)لگے برازیل کے سفیر نے ای وی ایم کے استعمال سمیت مشینوں کے انتخاب اور انتخابات میں اس کو بروئے کار لانے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقن دلایا۔
انہوں نے بتایا کی برازیل میں 70 سال کی عمر تک ووٹ ڈالنا لازم ہے اور اگر کوئی ووٹ کا استعمال نہ کرے تو برازیل حکومت کی طر ف سے جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور برازیل کے سفیر نے انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مشترکہ طور پہ کام کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا کیونکہ برازیل انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا تیس (30)سالہ تجربہ رکھتا ہے اور برازیل کے انتخابی اور آبادیاتی حالات پاکستان سے ملتے جلتے ہیں۔
میٹنگ میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ای وی ایم اور اووسیزووٹنگ کے مختلف پروجیکٹ کے componentsکو institutionalize کیا جائے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ دنیا کے دوسرے ممالک کے ٹیکنالوجی کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں جن میں فلپائن ، ایسٹونیا اور دیگر ایسے ممالک جو ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کی ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہے ہیں۔