سعودی عرب میں گاڑیاں چوری کرنے والے 5 پاکستانی پکڑے گئے

ریاض (قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں چوری کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سعودیہ کے المرصد اخبار کے مطابق ریاض پولیس نے ٹرک میں سے بھاری سامان اور گاڑیاں چوری کرنے والے 7 افراد کو گرفتار کیا ہے، اس ضمن میں ریاض پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ جرائم کی پیروی کے نتیجے میں 7 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن میں سے 5 پاکستانی شہریت کے رہائشی اور ٹرک چوری کرنے والے سوڈانی شہریت کے 2 شہری بھی شامل ہیں ، جو ورک ویزے کی خلاف ورزی میں بھی ملوث پائے گئے جنہوں نے بھاری سازوسامان چوری کیا اور گاڑیوں کے ڈھانچے میں ردوبدل کیا۔
ملزمان نے اپنے جرائم کے ارتکاب کے لیے ریاض شہر میں ایک صنعتی ورکشاپ اور ایک صحرائی علاقے میں دو مقامات کرائے پر حاصل کیے جہاں سے 30 ٹرک ، 3 چوری شدہ گاڑیاں ، ٹوٹے ہوئے اسپیئر پارٹس کو ذخیرہ کرنے کے لیے سامان اور کنٹینرز پکڑے گئے ، ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں سعودی عرب میں جعلی سرکاری دستاویزات بنا کر ہیر پھیر میں ملوث 8 پاکستانی پکڑے گئے ، ریاض پولیس نے 8 افراد پر مشتمل ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو کہ جعلی سرکاری دستاویزات تیار کرتے تھے ان ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے ، جن کے بارے میں پولیس معلومات ملی تھیں کہ ریاض شہر میں نامعلوم افراد پر مشتمل ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو جعلی دستاویزات تیار کرکے انہیں فروخت کرتا ہے ، ملزمان کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کی رہائش سعودی دارالحکومت ریاض میں تھی جہاں انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے اپنے 2 ٹھکانے بنائے ہوئے تھے ، ان مقامات پر چھاپوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری شناختی دستاویزات تیار کرنے والے آلات ، پرنٹر اور دیگر اشیاء کے ساتھ رقم بھی برآمد کی گئی ، پولیس نے ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا ، جہاں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کا مقدمہ فوجداری عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔