شوہر گھر واپس آیا تو بیوی بیٹا غائب، واٹس ایپ میسج پڑھ کر ہوش اڑ گئے؟

کویت (قدرت روزنامہ)کویت سٹی میں گھریلو جھگڑے کی انوکھی کہانی سامنے آئی ہے، شوہر کام سے واپس آیا تو بیوی بیٹا سامان سمیت غائب تھے، واٹس ایپ میسج نے مزید پریشان کردیا۔
کویت کے علاقے حولی گورنریٹ میں ایک عرب تارکِ وطن کے ساتھ ہاتھ ہوگیا، اس وقت وہ شدید صدمے سے دوچار ہوا جب وہ ملازمت سے واپس گھر پہنچا تو اس کا اپارٹمنٹ تقریباً خالی تھا جبکہ اس کی اہلیہ اپنے کمسن بیٹے سمیت غائب تھی۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق 36 سالہ شخص صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے کام پر گیا تھا، جب وہ شام کو گھر واپس پہنچا تو دیکھا کہ گھر کا نقشہ بگڑا ہوا ہے۔
زگھر کا تقریباً تمام فرنیچر، برقی آلات، ذاتی سامان اور سونے کے زیورات بھی غائب ہیں، اس کی بیوی اور بیٹا بھی گھر میں موجود نہیں تھے۔
متاثرہ شخص نے فوری طور پر اپنی اہلیہ سے رابطہ کرنے کی متعدد بار کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔ بعد ازاں رات تقریباً 8 بجے اسے واٹس ایپ پر ایک پیغام ملا جس میں مبینہ طور پر اس کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ کویت چھوڑ کر جاچکی ہے اور طلاق یا خُلع کے لیے قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔
شوہر نے پولیس کو دی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی اہلیہ نے اس کی غیر موجودگی میں منصوبہ بندی کے تحت یہ اقدام کیا، اس کا دعویٰ ہے کہ بیوی نے روانگی سے قبل گھر کا کافی بھی سامان فروخت کیا اور پھر بچے کو ساتھ لے کر اچانک ملک سے چلی گئی۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان عام گھریلو اختلافات ضرور موجود تھے، تاہم اس کے مطابق معاملات اس حد تک نہیں پہنچے تھے کہ بیوی اچانک علیحدگی کا فیصلہ کرکے گھر کا سامان بیچ کر بچے سمیت ملک چھوڑ دیتی۔
شوہر نے مزید الزام عائد کیا کہ اس نے اپنے بیٹے کو کویت سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاہم پولیس نے واقعے کی مزید تفصیلات یا تحقیقات کے نتائج جاری نہیں کیے ہیں۔
