سعودی عرب کی ایک کے بعد فوری دوسرے عمرے پر پابندی عائد

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی حکومت کی جانب سے ایک کے بعد فوری طور پر دوسرے عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ایک عمرے کے بعد 10 روز کا وقفہ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ 10 روز سے کم وقفے پر عمرے کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا ۔دوسری جانب سعودی ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا کیسز میں بدستور اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مملکت میں دوبارہ کرفیو لگایا جاسکتا ہے ۔

سعودی وزارت حج و عمرے کا کہنا ہے کہ دوسرے عمرے کی ادائیگی کا یہ فیصلہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق بڑی تعداد میں کیسز ریکارڈ ہونے کی بنیادی وجہ ویکسی نیشن نا کروانا یا ادھوری ویکسین لگوانا ہے کیونکہ شدید نگہداشت والے مریضوں میں زیادہ تعداد ان ہی مریضوں کی ہے ۔حکام نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی جبکہ محکمہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں موجودہ صورت حال گزشتہ صورت حال سے کہیں بہتر ہے لیکن شہریوں کو حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔