مولانا طارق جمیل کی وزیراعظم سے ملاقات، رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر تبادلہ خیال

(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان سے مولانا طارق جمیل  کی قیادت میں علما کرام کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق علما کے وفد نے ملاقات میں قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی کےمجوزہ کردار سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ریاست مدینہ کے بنیادی اقداراورسیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی پر بات کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مجوزہ کردار سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نےاس بات کا اعادہ کیا کہ ہم بحیثیت قوم صرف حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہی ترقی کرسکتے ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے ریاست مدینہ کے فلاحی ماڈل کو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دینےکے لیے وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہا۔