بلوچستان ؛ باراتیوں کی ویگن اور ٹرالر کا تصادم ‘ 7 افراد جاں بحق ہو گئے

خضدار (قدرت روزنامہ) صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں باراتیوں کی ویگن اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں وڈھ کے مقام پر پیش آیا جہاں باراتیوں سے بھری ویگن اور ٹرالر میں ہونے والے تصادم کے باعث 7 افراد لقمہ اجل بن گئے اس حادثے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، حادثے کے فوری بعد لیویز حکام ، مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا۔
ادھر سوباہ پنجاب کے شہر جہلم میں پیش آئے افسوسناک حادثے میں بارات میں شامل 3 افراد جان کی بازی ہار گئے ، باراتیوں کی کار روڈ پر ٹرک سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں دلہے کے 3 دوست جان کی بازی ہار گئے ، یہ بارات جہلم سے سوہاوہ کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں دینہ جی ٹی روڈ پر یہ حادثہ پیش آیا، جس میں کار ٹرک سے جا ٹکرائی ، حادثے کا شکار ہونے والی کار میں دلہے کے 5 دوست سوار تھے، جن میں سے 3 کا موقع پر ہی انتقال ہو گیا جب کہ دو کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ۔
چند روز قبل منڈی بہاوالدین میں بھی ایک ایسا ہی دلخراش واقعہ رپورٹ ہوا جس میں مسافر بس نے مہندی کی تقریب میں جانے والے افراد کواس وقت کچل دیا تھا ، جب ایک خاندان کے کچھ لوگ مہندی کی تقریب میں جانے کے لیے سڑک کنارے کھڑے تھے، اس دوران ایک بے قابو بس ان پر چڑھ دوڑی ، بے قابو بس کے کچلنے کی وجہ سے 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ 10 افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیے گئے ، حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا، جب کہ بس کو تحویل میں لے لیا گیا۔