ایک لاکھ 75 ہزار پکڑے گئے! گاڑی سڑک پر نکالنے سے پہلے یہ چیز ضرور چیک کریں؛ وارننگ جاری

لاہور(قدرت روزنامہ)گاڑیوں پر منفرد انداز کی فینسی نمبر پلیٹس لگانے کا شوق اب مہنگا پڑ سکتا ہے کیونکہ پنجاب میں جعلی، غیر معیاری اور غیر قانونی رجسٹریشن پلیٹس کے خلاف ٹریفک پولیس نے کارروائی مزید سخت کر دی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبے بھر میں خصوصی مہم تیز کر دی گئی ہے تاکہ ایسی نمبر پلیٹس کے استعمال کو روکا جا سکے جو سرکاری قوانین کے مطابق نہیں ہیں۔

ٹریفک حکام کے مطابق رواں سال اس کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف لاہور میں ہی قانون کی خلاف ورزی کرنے والی 42 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف ایکشن لیا گیا جن پر مقررہ معیار سے ہٹ کر نمبر پلیٹس نصب تھیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ نمبر پلیٹ کسی بھی گاڑی کی شناخت کا بنیادی ذریعہ ہوتی ہے اس لیے اس میں تبدیلی، جعل سازی یا شناخت چھپانے کی کوشش ایک سنگین قانونی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نمبر پلیٹس کے ڈیزائن یا شکل میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تبدیلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ فیلڈ میں ایسی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو فوری طور پر روکا جائے جن پر جعلی، تبدیل شدہ یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس لگی ہوئی ہوں، تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چیف ٹریفک افسران (CTOs) اور ضلعی ٹریفک افسران (DTOs) کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، جبکہ جعلی نمبر پلیٹس کی نشاندہی اور ایکشن کے لیے ٹریفک ون ایپ کو بھی استعمال کیا جائے۔

محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی یا جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال انہیں قانونی مشکلات میں ڈال سکتا ہے، اس لیے عوام ایسی خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گاڑی مالکان صرف وہی رجسٹریشن پلیٹس استعمال کریں جو محکمہ ایکسائز کی مقرر کردہ ہدایات اور سرکاری ضابطوں کے مطابق جاری کی جاتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert