ڈی جی خان: باپ نے مبینہ طور پر 11 سالہ بیٹی 78 سالہ شخص کو فروخت کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں باپ نے مبینہ طور پر اپنی 11 سالہ بیٹی 15 لاکھ روپے کے عوض 78 سالہ شخص کو فروخت کردی۔
بارڈر ملٹری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 78 سالہ دولہے کو گرفتار کرلیا جبکہ باپ اور نکاح خواں سمیت دیگر فرار ہیں۔
ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے پھگلہ میں متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بی ایم پی تھانہ پھگلہ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر نے 11 سالہ بیٹی کو 15 لاکھ روپے کے عوض ایک 78 سالہ شخص کو فروخت کردیا۔
بارڈر ملٹری پولیس کے مطابق قبائلی علاقے میں بھی کم عمری کی شادی کسی صورت جائز نہیں ہے۔
والدہ کی مدعیت میں چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیےچھاپے مارے جا رہے ہیں۔
