’’آج احساس ہوا بجلی بہت مہنگی ہے‘‘، پہلی بار اپنا بل دیکھ کر سرکاری افسر کے ہوش اڑ گئے

لاہور(قدرت روزنامہ) مفت بجلی ختم ہونے پر پہلی بار اپنا بل دیکھ کر سرکاری افسر کے ہوش اڑ گئے اور غریب عوام کی بے بسی کا احساس ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 تک کے ملازمین کے لیے مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی اور اب انہیں عام شہریوں کی طرح بجلی کے بل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تاہم پہلی بار بجلی کے بھاری بل ملنے پر کئی دہائیوں سے آرام سے رہنے والے افسران نے سر پکڑ لیا اور انہیں عوام کی بے بسی کا احساس ہو گیا ہے، جس کا وہ برملا اظہار کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لیسکو کے ایک ایس ڈی او کو مفت بجلی ختم ہونے پر جب پہلے مہینے کا بجلی کا بل ملا تو وہ بل کی رقم دیکھ کر سر پکڑ کر بیٹھ گئے اور دو دن کی چھٹی پر چلے گئے۔
مذکورہ ایس ڈی او کا گھر 10 مرلے کا ہے اور ان کا بل 72 ہزار روپے کا آیا ہے۔
اتنا زیادہ بل دیکھ کر ایس ڈی او کا کہنا ہے کہ 28 سالہ سروس میں کبھی بھی بجلی کا بل نہیں دیا۔ آج بل دیکھ کر احساس ہوا کہ بجلی واقعی مہنگی ہے۔ عوام جو بل دیتے ہوں گے، ان کا کیا حال ہوتا ہوگا۔
