امریکہ نے سعودی عرب اور کویت کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

واشنگٹن(قدرت رزنامہ)امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب کو تقریباً 1.96 بلین ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں تنازعات بڑھ رہے ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق امریکی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ فروخت ایک اہم غیر نیٹو اتحادی کی سلامتی کو مضبوط بنا کر امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرتی ہے۔ سعودی عرب خلیج فارس کے علاقے کے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے‘۔
وزارت نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے لیے مجوزہ معاہدے میں لانچرز، وار ہیڈز، سپیئر پارٹس، ٹریننگ اور لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ ساتھ فضا سے فضا اور ہوا سے زمینی آپریشنز میں استعمال کے لیے ’جدید درستگی کے ہتھیاروں کے نظام‘ کے لیے 20,000 رہنمائی یونٹ شامل ہیں۔
کویت کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے میں C-17 طیاروں کے لیے تکنیکی معاونت اور متعلقہ سامان بھی شامل ہے، جس میں پُرزے، دیکھ بھال کی خدمات، سافٹ ویئر، تربیت اور لاجسٹک خدمات شامل ہیں۔ ان ہتھیاروں کی فروخت کو حتمی شکل دی جائے گی اور کانگریس کے جائزے کے بعد لاگو کیا جائے گا۔
