کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر مسافروں کی لوٹ مار حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے؛صوبائی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں: جے یو آئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر عوامی ٹرانسپورٹ میں مسلسل بڑھتی ہوئی لوٹ مار، رہزنی اور مسلح افراد کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن بدقسمتی سے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی عدم توجہی اور نااہلی کے باعث عوام کو رہزنوں اور مسلح افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دوسرے دن مسافر بسوں کو لوٹا جا رہا ہے، خواتین اور بچے خوف کا شکار ہیں اور کوئی بھی شاہراہوں پر سفر کرتے ہوئے خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہا، جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
جے یو آئی کوئٹہ کے رہنماؤں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قومی شاہراہ پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، پیٹرولنگ اور گشت بڑھایا جائے، رہزنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوامی ٹرانسپورٹ کو ہر صورت مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert