عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح، اہلکار ڈیوٹی کے دوران چوکس رہیں: آئی جی بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی قدرت)آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے تھانہ ایئر پورٹ، تھانہ شالکوٹ، تھانہ کیچی بیگ اور تھانہ سریاب کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان کو ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے تھانوں کی سیکیورٹی، نفری اور دیگر انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے مختلف تھانوں میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وردی اور ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کا فخر ہیں اور موجودہ حالات میں پولیس اہلکاروں کی پیشہ وارانہ ذمہ داری مزید اہم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ہر اول دستے کے طور پر اپنی دی گئی اہم ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نا ممکن ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ پر عزم، حوصلے اور دلیری سے کیا جائے گا اور اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران جسمانی و ذہنی طور پر چاق و چوبند اور چوکس رہنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے جوان فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے حقوق اور عزت نفس کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں کیونکہ بلند اخلاق اور مثبت رویہ ہی محکمہ کی نیک نامی کا باعث رہا ہے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا شیوہ رہا ہے کہ عوام دشمن عناصر کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اختتام پر کہا کہ ہتھیار پولیس کا فخر ہے جو کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور امن و امان کے استحکام کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
