پارٹی کا بیانیہ اپنے ضمیر سے زیادہ قیمتی نہیں ہوتا، کیونکہ جان تو اللہ کو دینی ہے ، پی ٹی آئی رہنما اپنی ہی حکومت پر پھٹ پڑے

لاہور (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے رہنما نے سانحہ مری کے حوالے اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق سانحہ مری کے بعد کہاں عوام اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہیں تحریک انصاف کے کئی رہنما بھی اپنی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔

کچھ روز قبل ہی تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹائے گئے رہنما احمد جواد نے وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے 5 جنوری کو اپنے ٹوئٹ میں ایک لاکھ گاڑیوں کے مری میں داخلے کو عام آدمی کی خوشحالی اور آمدنی میں اضافے کا نتیجہ قرار دیا تھا،

اب اس ٹوئٹ پر احمد جواد نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے تو دو دن پہلے معیشت کی مضبوطی کا ذکر کر دیا تھا اور محکمہ موسمیات نے الرٹ بھی جاری کر دیا تھا، تو کل رات جو قیمتی جانیں چلی گئیں کیا انہیں بھی معاشی اشاریوں میں شامل کر لیں؟ احمد جواد نے مزید کہا کہ پارٹی کا بیانیہ اپنے ضمیر سے زیادہ قیمتی نہیں ہوتا، کیونکہ جان تو اللہ کو دینی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے بھی کہاہے کہ مری واقعے کے ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔