بنگلہ دیشی فاسٹ بولر ناہید رانا کی سادہ شادی کے چرچے، 100 سے زائد حفاظ کو ولیمے میں مدعو کرلیا

بنگلہ دیش(قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے 21 سالہ فاسٹ بولر ناہید رانا نے اپنی شادی کی تقریب کو سادگی اور مذہبی عقیدت کی مثال بنا دیا، جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ناہید رانا نے اپنی ولیمے کی تقریب میں سیاسی شخصیات، امیر افراد یا معروف شخصیات کے بجائے مدرسے کے 100 سے زائد حفاظِ کرام کو مدعو کیا۔

تقریب میں روایتی موسیقی اور دیگر تقریبات کے بجائے قرآن پاک کی تلاوت اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا اہتمام کیا گیا، جس سے محفل روحانی ماحول میں بدل گئی۔

رپورٹس کے مطابق فاسٹ بولر نے مدرسے کے طلبہ کو کھانا کھلانے کے ساتھ ساتھ انہیں نقد رقم، نئے کپڑے اور جوتے بھی تحفے میں دیے۔

ناہید رانا کا کہنا ہے کہ ان کے والد کسان ہونے کے ساتھ حافظِ قرآن بھی ہیں، اسی خاندانی تربیت اور مذہبی پس منظر کی وجہ سے انہوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز سادگی اور برکت کے انداز میں کرنے کا فیصلہ کیا۔

ناہید رانا کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بڑی پذیرائی مل رہی ہے، جہاں مداح ان کی عاجزی، خاندانی اقدار اور سادہ طرزِ زندگی کو سراہ رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں جب کئی معروف شخصیات شاہانہ تقریبات کا اہتمام کرتی ہیں، ایسے میں ناہید رانا کی سادگی ایک مثبت مثال ہے۔

WhatsApp
Get Alert