دیر بالا میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی ، بڑی تعداد میں لوگ متاثر ، بیشتر کی حالت تشویشناک

دیر بالا (قدرت روزنامہ)دیر بالا میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی ، بڑی تعداد میں لوگ متاثر ، بیشتر تشویشناک حالت میں ہسپتال جا پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے مختلف علاقوں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔

’’24نیوز ‘‘ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال دیر بالا کے ایم ایس ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد اس وباء کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صرف ایک ہی روز میں 600 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ بعض مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال دیر بالا مریضوں سے بھر چکا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی ٹیمیں وباء پر قابو پانے کے لیے دیر بالا پہنچ گئی ہیں۔ پبلک ہیلتھ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی جانچ اور فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہیں۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف پانی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert