بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا واضح اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں نوشکی میں انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور دیگر تمام قومی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert