ایک پارٹی کو اقتدار میں لانے کی کوشش ہورہی ہے، پی پی کا آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کی شفافیت پر بھی تحفظات کا اظہار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کی شفافیت پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لطیف اکبر پر حملے کی اطلاع ملی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کئی حلقوں میں پولنگ اسٹاف اور سامان پہنچ ہی نہیں سکا، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ بوتھ سے نکالا گیا ہے، اسلام آباد: ہم نے آج 15 سے زائد درخواستیں دائر کردی ہیں، اگر شکایات کا ازالہ نہ ہوا تو الیکشن کے نتائج کو کوئی نہیں مانے گا، آزاد کشمیر کے انتخابات پر پوری دنیا کی نظر ہے، اس انتخابی عمل کو درست کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک امن و امان کی صورت حال ٹھیک تھی اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن مضبوط تھی، اس وقت آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا کردار مشکوک ہوگیا ہے، ایک پارٹی کو اقتدار دلانے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے، ہماری شکایات پر ن لیگ کا جواب نہیں آیا، اس الیکشن کو صاف اور شفاف ماننا بہت مشکل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا پہلے فیز کے بعد پارٹی میں بائیکاٹ کی بات ہو رہی تھی، پیپلز پارٹی میں دوسرے اور تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کی مضبوط رائے تھی لیکن پارٹی قیادت نے دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے بائیکاٹ کو مسترد کیا، ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں، ہم انتہائی قدم نہیں اٹھانا چاہتے، ہم بیلٹ سے تبدیلی چاہتے ہیں، لیکن یہ الٹرا فارم 47 والا انتخاب نظر آرہا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ابھی اطلاع آئی ہے کہ لطیف اکبر صاحب پر حملہ ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک کیا جارہا ہے، آپ ہوش کے ناخن لیں ورنہ ہم ان انتخابات کی توثیق نہیں کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا فرسٹ فیز میں بھی دھاندلی کی گئی، بعض پولنگ اسٹیشنز پر بہت زیادہ پولنگ دکھائی گئی، ان کو پتا تھا پیپلزپارٹی جیت رہی ہے اس لئے مسائل پیدا کیے گئے۔

شیری رحمان کی چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی مذمت

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے فائرنگ جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لطیف اکبر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، انتخابات میں تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا

WhatsApp
Get Alert