متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنا شروع کردیئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کئی ماہ کی غیر یقینی صورتحال کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کے اجراء میں نرمی کر دی ہے۔ سفری صنعت سے وابستہ نمائندوں اور یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار کے مطابق رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کو دوبارہ وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفری سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ہے۔

’’عرب نیوز‘‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور یہ پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے ویزا درخواستوں میں غیر معمولی تاخیر اور سخت جانچ پڑتال پر درخواست گزاروں کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی تھیں، اگرچہ اسلام آباد اور ابوظبی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی سرکاری ویزا پابندی عائد نہیں۔

اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے بتایا کہ خاندان کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانی سیاحوں کو اب ویزے نسبتاً آسانی سے مل رہے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے اہل خانہ سے ملنے جانے والوں کی درخواستوں پر بھی بروقت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق سیاحت کے فروغ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں اور حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والی فضائی آمدورفت بھی بتدریج بحال ہو رہی ہے۔

پاکستانی امیگریشن کے ایک سینئر اہلکار نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، بتایا کہ پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی یومیہ تعداد، جو موسم گرما کے آغاز میں تقریباً 170 تھی، جولائی کے آخری ہفتے تک بڑھ کر تقریباً 400 ہو گئی ہے۔ تاہم یہ تعداد 2 سال قبل روزانہ سفر کرنے والے تقریباً ایک ہزار مسافروں سے اب بھی کم ہے۔

یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا ءپر کچھ عرصہ تاخیر ضرور رہی، تاہم مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار اب بغیر کسی بڑی دشواری کے ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں پاکستان کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے ویزوں کے اجراء کو آسان بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ بعد ازاں وزارت خارجہ نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ بعض پاکستانی درخواست گزاروں کی جانب سے جعلی تعلیمی اسناد، ڈپلومے اور ملازمت کے معاہدے جمع کرانے، جبکہ بعض افراد کے خلاف متحدہ عرب امارات میں غیر مجاز سیاسی سرگرمیوں، مجرمانہ مقدمات اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث سخت جانچ پڑتال اور اضافی دستاویزات کی شرط عائد کی گئی تھی۔

WhatsApp
Get Alert