محمد عباس کو کیوں ڈراپ کیا گیا؟ بابر اعظم نے وجہ بتادی


لاہور(قدرت روزنامہ)ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی سلیکشن نے کرکٹ حلقوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں تاہم سب سے زیادہ توجہ محمد عباس کی عدم شمولیت نے حاصل کی۔

پہلے ٹیسٹ کے بہترین بولر محمد عباس کو پلیئنگ الیون سے باہر کرنے پر قومی ٹیم کی انتظامیہ پر شدید تنقید بھی دیکھنے میں آئی۔

محمد عباس نے پہلے میچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے۔

تاہم کپتان بابر اعظم نے واضح کیا کہ محمد عباس مکمل فٹ ہیں اور انہیں صرف پچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے۔

پاکستان نے اضافی اسپنر ساجد خان کو شامل کرتے ہوئے محمد عباس کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں قومی ٹیم میں واپسی کے بعد محمد عباس پانچ ٹیسٹ میچوں میں 28 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے کامیاب ترین فاسٹ بولر رہے ہیں جبکہ ان کی اوسط اور اکانومی بھی دیگر فاسٹ بولرز سے بہتر رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بنگلادیش جیسی سست وکٹوں پر بھی محمد عباس کا ریکارڈ متاثر کن ہے۔

پاکستان کی اگلی ٹیسٹ سیریز انگلینڈ میں شیڈول ہے جہاں کاؤنٹی کرکٹ میں محمد عباس کا شاندار تجربہ ٹیم کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert