دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ 2026 کا آغاز، بہترین قرآنی آواز کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام

دبئی (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے 29ویں ایڈیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے بہترین قرآنی آوازوں اور حفاظِ کرام کو شرکت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق اوپن کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب امیدوار کو 10 لاکھ امریکی ڈالر، دوسری پوزیشن پر 1 لاکھ امریکی ڈالر جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔
مقابلے کے لیے رجسٹریشن کا عمل 7 جولائی سے 15 اگست 2026 تک جاری رہے گا۔ امیدوار آفیشل پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس کے لیے انہیں اپنی زیادہ سے زیادہ 3 منٹ کی قرآنی تلاوت کی ویڈیو، پاسپورٹ کی کاپی اور دیگر مطلوبہ معلومات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
ابتدائی مرحلے میں امیدواروں کی تلاوت، تجوید، آواز کی خوبصورتی اور ادائیگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ منتخب فائنلسٹس کو رمضان المبارک کے دوران دبئی کی بڑی مساجد میں نمازِ تراویح کی امامت کا موقع بھی دیا جائے گا، جبکہ عوامی ووٹنگ کے ذریعے “دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی تلاوت” کے فاتح کا انتخاب کیا جائے گا۔
