بلوچستان میں بڑھتی دہشت گردی حکومتی ناکامی کا ثبوت، این-40 حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان میں این-40 شاہراہ پر سیکیورٹی قافلے پر ہونے والے مسلسل حملوں کی پاکستان تحریک انصاف شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے نہ صرف ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار سیکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہے اور توقع کرتی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال حکومت کی سیکیورٹی اور گورننس سے متعلق سنگین ناکامیوں کی عکاسی کرتی ہے۔ عوام بجا طور پر یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر اہم شاہراہیں اور سیکیورٹی قافلے بھی محفوظ نہیں تو عام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کیسے یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ اس حملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے محض بیانات نہیں بلکہ ایک مؤثر، جامع اور قومی اتفاقِ رائے پر مبنی حکمتِ عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert