بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کا 8 اگست کو آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور بھتہ خوری پر تشویش، حکومت سے ریلیف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، قومی شاہراہوں پر بھتہ خوری اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش سیکیورٹی مسائل کے خلاف 8 اگست کو آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی مجوزہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے گڈز ٹرانسپورٹرز کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کاروباری منصوبہ بندی میں سہولت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر جلائے گئے ٹرکوں کے مالکان کو مناسب معاوضہ دیا جائے، جبکہ چیک پوسٹوں پر ڈرائیوروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات ٹرانسپورٹرز کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں، اس لیے حکومت فوری طور پر اس کا خاتمہ یقینی بنائے اور ٹرانسپورٹرز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔انہوں نے ٹول ٹیکس اسٹیشنوں کی تعداد اور ٹیکس کی شرح میں کمی، پنجاب اور سندھ کی قومی شاہراہوں پر ٹریفک چالانوں کے خاتمے اور دس ویلر ٹرک کے لیے 40 ٹن جبکہ منی مزدا کے لیے 17 ٹن وزن مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ان کے تمام مطالبات ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بقا اور ملکی معیشت کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایسوسی ایشن 8 اگست کو آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert