کراچی کی بندرگاہوں کیلیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکیج، بڑے ریلیف کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ) وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے لیے جامع پالیسی متعارف کرا دی۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ چیئرمین کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی قیادت میں بندرگاہی تجارت کو فروغ ملا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ہینڈلنگ لاگت میں تاریخی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بندرگاہوں کی مسابقت اور کارکردگی میں اضافہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرانس شپمنٹ جہازوں کو پورٹ ہیڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ کراچی پورٹ پر وہارفیج میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت ہوگی جبکہ 14 روز مفت اسٹوریج فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

وزیرِ بحری امور کے مطابق پورٹ قاسم پر وہارفیج میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی۔ پورٹ قاسم کے ٹرمینلز پر 7 روز مفت اسٹوریج کی سہولت ہوگی، جس میں 21 روز تک توسیع ممکن ہوگی۔

اس کے علاوہ کنٹینر ٹرمینلز نے ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں 25 فیصد تک کمی کر دی ہے۔

چیئرمین کراچی پورٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو زیادہ مراعات ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی مراعات سے جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم میں تاریخی کمی آئے گی۔

علاوہ ازیں وزیرِ بحری امور نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام پرانے ٹرانس شپمنٹ ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز ختم کر دیے گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert