ججز کی تقرری کی سمری صدرِ مملکت کی جانب سے منظور نہ کیے جانے پر وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ججز کی تقرری کی سمری صدرِ مملکت کی جانب سے منظور نہ کیے جانے کے تنازع پر وفاقی حکومت نے آئین کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 48 اور آرٹیکل 75 کے تحت ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے پر قانونی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اور اصولاً کوئی بھی سمری بھیجے جانے پر صدر کے پاس 15 دن ہوتے ہیں کہ وہ اعتراض لگا کر اسے واپس بھجوا سکیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر نے تاحال جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر کوئی تحریری اعتراض وزیراعظم کو نہیں بھجوایا، اور اس حوالے سے 15 دن کا وقت رواں ہفتے پورا ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اگر مقررہ مدت میں اعتراض موصول نہ ہوا تو بھی سمری کو منظور تصور کیا جائے گا۔

طریقہ کار کے مطابق اگر صدر کی جانب سے اعتراض عائد کیا جاتا ہے تو وزیراعظم نئی سمری دوبارہ صدر کو بھجوائیں گے، اور اگر صدر نے پھر بھی 10 دن کے اندر دستخط نہ کیے تو سمری از خود منظور تصور کی جائے گی، جس کے بعد وفاقی حکومت خود ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔

WhatsApp
Get Alert