پاکستان اور ایران کا جلد آزاد تجارتی معاہدے اور سرحدی تجارت کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور ایران نے تجارتی تعلقات کو نئی رفتار دینے کا فیصلہ کر لیا۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط ہوگئے۔ دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے، آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور سرحدی تجارت کے فروغ پر اتفاق کرلیا گیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے تیسرے اور آخری روز کے متفقہ منٹس پر دستخط کردئیےگئے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے، آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے سمیت ٹیرف میں کمی اور کسٹم کلیئرنس میں رکاوٹیں دور کرنے کے طریقۂ کار پر اتفاق کیا۔
وزیرتجارت کا کہنا ہے کہ ہم نے مشترکہ سرحد پر مال بردار گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے 24 گھنٹے کسٹمز کلیئرنس کی سہولت فراہم کرنے، اور پاکستانی بندرگاہوں پر موجود کنٹینرز کی کلیئرنس کے لیے سفارتی ذرائع سے واضح طریقۂ کار وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں سرحدی تجارت، بارٹر ٹریڈ اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا گیا۔
ایرانی وزیر کا کہنا ہے کہ اگر ان فیصلوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا گیا تو دونوں ممالک میں معاشی خوشحالی کو فروغ ملے گا، عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہوگا اور دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کی جانب مسلسل پیش رفت ممکن ہوگی۔
تین روزہ مذاکرات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں میں اتفاقِ رائے سامنے آیا جبکہ دونوں ممالک نے متفقہ فیصلوں پر فوری عمل درآمد کے لیے تکنیکی کمیٹیوں کا کام تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
