پی ٹی آئی کا 5 اگست احتجاج ناکام رہا، ملک بھر میں خاموشی تشویشناک ہے، شیر افضل مروت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رکن اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے اگر آج موصول ہونے والی اطلاعات درست ہیں تو 5 اگست کے احتجاجی دن کی مجموعی تصویر پی ٹی آئی کے لیے نہایت تشویشناک اور مایوس کن دکھائی دیتی ہے۔ نہ الیکٹرانک میڈیا پر اور نہ ہی سوشل میڈیا پر پنجاب کے کسی حصے سے کسی نمایاں احتجاجی مظاہرے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی غیر معمولی طور پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔ بلوچستان میں بھی صرف جعفرآباد میں چند پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں، مگر کسی بڑے عوامی احتجاج کی خبر نہیں۔ سب سے زیادہ حیران کن صورتحال خیبر پختونخوا کی ہے، جہاں پورے صوبے میں کہیں احتجاج دکھائی نہیں دے رہا اور تمام تر توجہ صرف پشاور کے جلسے پر مرکوز ہے۔ اطلاعات کے مطابق جلسہ گاہ میں تقریباً 3500 کرسیاں رکھی گئی ہیں اور پنڈال کو پردوں کے ذریعے محدود کیا گیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا سوال یہ ہے کہ آخر عمران خان اسٹیڈیم کو کیوں چھوڑا گیا؟ وہ پشاور کینٹ میں واقع، زیادہ محفوظ، بہتر انداز میں پیش کیا جا سکنے والا مقام ہے، جہاں تقریباً 30 ہزار نشستوں کا انتظام موجود ہے جبکہ گراؤنڈ ملا کر 45 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش ہے۔ اگر یہ فیصلہ اس خدشے کے تحت کیا گیا کہ کم حاضری کی صورت میں خالی نشستیں اور وسیع گراؤنڈ منتظمین کے لیے سبکی کا باعث بنیں گے، تو پھر یہ خود اس بات کا اعتراف ہے کہ قیادت کو اپنی عوامی قوت پر اعتماد نہیں رہا۔ سچ یہ ہے کہ لاکھوں تو درکنار، اگر آج ملک بھر میں ہزاروں افراد بھی سڑکوں پر نہ نکل سکے تو اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا سیاسی جماعتیں نعروں سے نہیں، عوامی شرکت سے زندہ رہتی ہیں۔ اگر پشاور کا جلسہ بھی بڑی عوامی تعداد کو متوجہ کرنے میں ناکام رہا تو پھر پارٹی کے اس مسلسل زوال کی ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔ ہر ناکامی کا بوجھ کارکنوں پر ڈال دینا، ہر تنقید کرنے والے کو غدار قرار دینا اور ہر غلط فیصلے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرنا کسی جماعت کو دوبارہ عروج نہیں دلا سکتی۔ وقت آ گیا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی قیادت، تنظیم، حکمتِ عملی اور فیصلہ سازی کا بے لاگ احتساب کرے۔ سیاسی جماعتیں خود احتسابی، میرٹ، تنظیمی قوت اور عوام سے حقیقی رابطے کے ذریعے ہی اپنی کھوئی ہوئی طاقت، شناخت اور وقار دوبارہ حاصل کرتی ہیں۔
