پاکستان نہیں پنجاب ناکام ہوا ہے‘صوبہ صرف ترسیلات زرپر زندہ ہے.شبرزیدی


کراچی (قدرت روزنامہ)ایف بی آر کے سابق چیئرمین شبرزیدی نے کہا ہے کہ پنجاب کی ناکامی کے اثرات پورے ملک کی معیشت پر مرتب ہوتے ہیں‘چاروں صوبوں کی بیلنس شیٹ بناکر یکھ لیں سندھ‘بلوچستان اور کے پی کے کی شیٹ مثبت جبکہ پنجاب کی منفی ہوگی. ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پاس ترسیلات زرکے علاوہ ذریعہ آمدن کیا بچا ہے؟زراعت تقریبا ختم ہوچکی ہے‘ٹیکسٹائل سمیت دیگر بڑی انڈسٹریزبند ہوگئیں یا ملک سے باہر چلی گئیں‘انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 40بلین کی ترسیلات آرہی ہیں جن میں 70فیصد پنجاب کا ہے.
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کی بیلنس شیٹ بناکر دیکھ لیں سب کی بلینس شیٹ مثبت جبکہ پنجاب کی منفی ہوگی‘پنجاب کے حکمران ذہنی طورپر بادشاہ ہیں‘پنجاب ناکام ہوا ہے مگر ان حقائق پر کوئی پاکستان میں کوئی بات نہیں کرسکتا‘کسی کے اندر جرات نہیں کہ وہ کہہ سکے کہ پنجاب فیل ہوگیا ہے. انہوں نے کہا کہ صوبوں کے وسائل کا جائزہ لے لیں آپ کی آنکھیں کھل جائیں گی سندھ پر آبادی کا پریشر نہیں اس کے پاس کراچی پورٹ اور انرجی کے وسائل ہیں اسی طرح کے پی کے پاس پانی اور معدنی وسائل ہیں‘بلوچستان کے پاس گیس اور دیگر قدرتی وسائل ہیں ان کے مقابلے میں پنجاب کے پاس کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے مگر وہ نالائق ہے اور ہر بار وہ اپنی ناکامیوں اور نالائقی کا بوجھ چھوٹوں پر ڈال دیتا ہے‘تینوں صوبے کامیاب ہیں پنجاب فیل ہوا ہے ‘معیشت پنجاب کی وجہ سے تباہ ہوئی مگر کسی میں جرات نہیں وہ حقیقت بیان کرسکے شبرزیدی نے کہا کہ پنجاب کے پاس زراعت تھی وہ تباہ ہوچکی دنیا کے کسی بھی معیشت دان کے سامنے سارے اعدادوشمار رکھ دیں وہ آپ کو بتائے گاکہ پنجاب کی معاشی ناکامیوں کا بوجھ ملکی معیشت اٹھا رہی ہے‘انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پاس زراعت بنیادی ذریعہ تھا وہ بھی ختم کردیا گیا‘ٹیکسٹائل ملیں کیوں پاکستان چھوڑ کرگئیں؟کیونکہ انہیں کپاس کی ضرورت تھی جبکہ پنجاب نے سیاسی خاندانوں کی شوگر ملوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کپاس کے علاقوں میں کپاس کی کاشت کم کرکے گنے کی کاشت بڑھائی تاکہ سیاسی خاندانوں کی ملکیت شوگر ملوں کو کم قیمت پر گنا مل سکے.
انہوں نے کہا کہ ہر بیلنس شیٹ میںچاروں صوبوں میں پنجاب خسارے میں ہے‘ملکی معیشت کو بنکار نہیں چلاسکتے ہمیں یہ کب سمجھ میں آئے گا؟انہوں نے کہاکہ ہمیں دنیا کے معاشی ماہرین کو بلاکر رائے لینا چاہیے کہ ہم معیشت کو بچانے کے لیے کیا کریں؟شبرزیدی نے کہاکہ ”کنٹرولڈ ڈیفالٹ“کی باتیں انہی حلقوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں جو تمام تر ناکامیوں کے ذمہ دار ہیں.

WhatsApp
Get Alert