چیئرمین پی ٹی آئی کا وزیراعظم شہبازشریف سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہبازشریف سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اتحادی پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کو دھاندلی شدہ قرار دیا ہے، وزیراعظم اعتماد کھو بیٹھے اور حکومت ختم ہوگئی ہے، وہ فوری قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر اعتماد کا ووٹ لیں۔
انہوں نے کہا کہ 78 سال میں جو کچھ ہوا، سو ہوا۔ لیکن اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ سسٹم کو اب ری سیٹ ہونا چاہیے۔ دوسری جانب وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو دل بڑا کریں، لیڈر شکست پر روتے اچھے نہیں لگتے۔ پونچھ ڈویژن کے انتخابی جائزہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے پہلے 2 مراحل میں مسلم لیگ ن کی کامیابی وفاقی و پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کشمیری عوام کے بھرپور اعتماد کی مہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کام اور کارکردگی کو ووٹ دیا، پاکستان کا ہر علاقہ پنجاب جیسا بننا چاہتا ہے۔ اجلاس میں ضلعی کوآرڈینیٹرز، حلقہ کوآرڈینیٹرز اور پونچھ ڈویژن سے ن لیگ کے امیدوار شریک ہوئے۔ تیسرے مرحلے کے لیے ن لیگ کی انتخابی مہم اور پولنگ ڈے حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا۔
