مزید علاج کیلئے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کلیولینڈ ہسپتال ابوظہبی منتقل، والد کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے اظہارِ تشکر


دکی(قدرت روزنامہ) ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو کراچی کے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد مزید علاج کے لیے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقع عالمی شہرت یافتہ کلیولینڈ ہسپتال ابوظہبی منتقل کر دیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد حبیب اللہ ناصر نے صحافی رحمت موسیٰ خیل سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی صحت میں پہلے کے مقابلے میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم مزید خصوصی علاج اور طبی معائنے کے لیے انہیں کلیولینڈ ہسپتال ابوظہبی منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاج کے اس مرحلے سے ان کی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔
حبیب اللہ ناصر نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے علاج کے پہلے دن سے اب تک ہر مرحلے پر بھرپور تعاون، رہنمائی اور خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی ذاتی کاوشوں کے باعث ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو ملک کے اندر اور بیرونِ ملک بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
انہوں نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کراچی کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور معیاری علاج کی بدولت ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی صحت میں نمایاں بہتری آئی، جس کے بعد انہیں علاج کے اگلے مرحلے کے لیے ابوظہبی منتقل کیا گیا۔
حبیب اللہ ناصر نے مشکل وقت میں عوام، دوست احباب، سماجی و سیاسی شخصیات، ڈاکٹروں، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندوں اور تمام دعا گو افراد کی محبت، ہمدردی اور تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں اور حوصلہ افزائی خاندان کے لیے باعثِ تقویت رہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاوں کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد از جلد مکمل شفا عطا فرمائے اور وہ صحت یاب ہو کر دوبارہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

WhatsApp
Get Alert