شیر افضل مروت کا عمران خان سے مبینہ سلوک پر ردعمل، اسے غیر انسانی قرار دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے عمران خان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، وہ نہ صرف غیر انسانی بلکہ کھلا ظلم اور جبر ہے۔ اس ظلم نے پورے پاکستان میں مایوسی، بے چینی اور نفرت کے جذبات کو جنم دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نےکہا ایک باپ کو اپنے بچوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں، بہنوں سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر بھی غیر قانونی پابندیاں عائد ہیں۔ دوسری جانب عمران خان آنکھوں اور بلڈ پریشر کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں بنیادی انسانی اور قانونی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ یہ نہ آئین کے مطابق ہے، نہ قانون کے مطابق، نہ اخلاقیات اس کی اجازت دیتی ہیں۔
