وزراء ڈرے ہوئے ہیں، رسی کو سانپ سمجھ لیتے ہیں، محسن نقوی کو ڈرانے کی نہیں لبھانے کی ضرورت ہے: مجیب الرحمان شامی


لاہور (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا ہے کہ ہمارے وزراء اور وزارتوں کے لوگ بسا اوقات خوفزدہ رہتے ہیں، کوئی انہیں یہاں سے ڈراتا ہے اور کوئی وہاں سے، جس کے باعث وہ رسی کو بھی سانپ سمجھ لیتے ہیں، یہ ڈرے ہوئے لوگ ہیں، محسن نقوی کو ڈرانے کی نہیں بلکہ انہیں لبھانے کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہوگیا تھا، جس میں بعض دانشور بھی شامل تھے۔ دعویٰ کیا گیا کہ چار وزراء کو کابینہ سے فارغ کیا جا رہا ہے، جن میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ اور محمد اورنگزیب کے نام شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ان چار وزراء کو ہٹا کر حکومت بہتر کارکردگی دکھائے گی، ایسا ہی ہے جیسے کسی انسان کو صحت مند بنانے کے لیے اس کا دل، جگر اور گردے نکال دیے جائیں اور پھر کہا جائے کہ وہ بہت اچھے طریقے سے کام کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی چاروں وزراء موجودہ حکومت کا اہم حصہ ہیں، یہی مسلم لیگ (ن) کا دماغ اور دل ہیں۔ ان کے مطابق چار وزراء کی چھٹی کی باتیں بالآخر ختم ہوگئیں اور یہ معاملہ ایک مذاق ثابت ہوا۔
سینئر صحافی نے کہا کہ محسن نقوی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، بلکہ انہوں نے ہمیشہ نظام (سسٹم) کی بات کی ہے۔ نظام میں مقننہ، عدلیہ، بیوروکریسی اور دفاعی ادارے شامل ہیں اور یہ تمام ادارے مل کر ملک کے لیے نتائج پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں فائن ٹیوننگ کی ضرورت ہے اور ضروری ہے کہ تمام ادارے اور متعلقہ فریق اپنا اپنا کام کریں تاکہ ’’ایک پیج‘‘ کی بحث بھی ختم ہو۔ جب کوئی ادارہ اپنی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو اس کی وجوہات بھی ہوتی ہیں جنہیں سمجھنے اور دور کرنے کی ضرورت ہے۔
مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ جمہوریت لوگوں کو اختیار دینے، عوام کو بااختیار بنانے اور اختیار منتقل کرنے کا نام ہے۔ محسن نقوی نے جو بات کی ہے، وہ حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پورے نظام کی طرف اشارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ میں سیاسی مداخلت کم کرنا ہوگی اور پولیس کو کسی حد تک خودمختاری دینا ہوگی۔ سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو ایک دوسرے کو زیر کرنے کے بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
مجیب الرحمان شامی نے مزید کہا کہ بنیادی ضرورت یہ ہے کہ تمام متعلقہ فریق ایک ٹیم کی طرح کام کریں اور جو اصلاحات درکار ہیں، ان پر بیٹھ کر غور کیا جائے۔ نظام میں ہر وقت بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے۔
محسن نقوی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک نونہار نوجوان ہیں اور محنت سے کام کرتے ہیں، دن رات کام میں مصروف رہتے ہیں۔ ان سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے کسی خصوصیت کی بنیاد پر ہی انہیں وزیر داخلہ مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے مستقبل سے متعلق سوال پر مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ ان کے خیال میں وزیراعظم شہباز شریف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert