دالبندین، پولیس اور مبینہ چوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، گولی لگنے سے ایک بچی زخمی
ملزمان کار میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار، زخمی بچی ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل، پولیس کا تعاقب جاری

دالبندین (قدرت روزنامہ)چاغی کے صدر مقام دالبندین میں خفیہ اطلاع پر پولیس اور مبینہ چوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک بچی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ ملزمان کار گاڑی میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جن کا پولیس پارٹیاں تعاقب کر رہی ہیں۔ اس دوران فائرنگ کی زد میں آ کر ایک بچی (دلانہ دختر لال خان)کے کمر پر گولی لگی، جسے فوری طور پر پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر کوئٹہ ریفر کر دیا گیا واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
