17 سال سے حکومت ہے، مگر 1 سڑک ایسی نہیں جس پر آرام سے گاڑی چلے، مریم نواز کی پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید

مری (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک صوبے میں 17 سال سے حکومت ہے لیکن وہاں ایک سڑک ایسی نہیں جس پر آرام سے گاڑی چل سکے۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کمشیر الیکشن میں ہم پر دھاندلی کے جھوٹے الزام لگائے جس پر افسوس ہوا، پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں جیتی تو دھاندلی کے الزام نہیں لگائے لیکن جہاں ہاری وہاں الزام لگائے۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے سیاسی رہنماؤں کی تقریریں غور سے سنی ہیں، جن کے پاس دینے کیلیے کچھ نہیں انہیں کشمیریوں نے مسترد کیا، وہ سڑکوں کا وعدہ اس لیے نہیں کر سکتے تھے کہ 17 سال میں ایک اچھی سڑک نہیں بنائی، لوگ پنجاب آتے ہیں تو تعریف کرتے ہیں، وہ بسیں دینے کا وعدہ اس لیے نہیں کر سکتے تھے کہ ان کے پاس بسیں نہیں ہیں اور اگر ہیں بھی تو ٹوٹی پھوٹی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آزاد کشمیر میں صفائی کے نظام کا وعدہ بھی نہیں کر سکتے تھے کیونکہ ان کا صوبہ گند سے اٹا پڑا ہے، ان کے صوبے میں گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں یہ جوش تقریر میں بھول گئے تھے، الزامات لگاتے وقت یہ بھول گئے انتظامیہ اور حکومت ان کی اپنی تھی، پیپلز پارٹی دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کچھ لاجک کا بھی خیال کر لیتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن جیتنے پر رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، الیکشن جیتنے کیلیے تمام رہنماؤں نے بہت محنت کی، (ن) لیگ نے نشستیں اکثریت کے ساتھ جیتی ہیں، آزاد کشمیر کے عوام نے فساد، ہڑتالوں اور قتل و غارت کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی، پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کو شکست ہوئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سمجھتے ہیں کہ ان کو آزاد کشمیر میں کیا چاہیے، الیکشن اتنا بڑا امتحان نہیں تھا اب ہمارا امتحان شروع ہوا ہے، (ن) لیگ کے خلاف جتنی سازشیں ہوئی ہیں شاید کسی اور جماعت کے خلاف ہوئی ہوں، آزاد کشمیر میں جس دن کابینہ بنے گی اسی دن سے ضروری کام کریں گے، بجٹ کو عوام کی بھلائی کیلیے استعمال کریں گے، وزیر اعظم کے حلف اٹھاتے ہی عوام کو ریلیف کے اقدامات شروع کریں گے۔
’مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے، سندھ، بلوچستان سمیت پورا ملک دیکھ لیں جو بھی ترقی کا نشان ہے وہ (ن) لیگ کا ہے، پورے ملک میں ترقی کے نشانوں پر صرف ایک نام نواز شریف لکھا ہوا ہے، آزاد کشمیر حکومت بناتے ہی وقت ضائع نہیں کریں گے اور اقدامات شروع کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جدید پاکستان کا ایک بانی ہے اور اس کا نام نواز شریف ہے، اللہ تعالیٰ ان کو لمبی زندگی اور صحت دیں تاکہ ہماری رہنمائی کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پنجاب میں جو کام اٹھاتی ہوں اس پر ان کی مہر ہے، ان کے ساتھ کام کرنے والوں کی آنکھیں بند کر کے پوسٹنگ کرتی ہوں۔
