پارٹی میں تقریباً ہر فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والا ہوا، شیر افضل مروت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کےرکن اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ فیصلہ سازوں سے چھٹکارا حاصل کریں، لیکن میرا خیال ہے کہ ورکرز انہیں مجبور کریں گے کہ وہ میرے پاس آئیں۔ جب آئیں گے تو پھر میں بتاؤں گا کہ میں کیا کر سکتا ہوں اور کیا کرنا چاہتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا ورکرز نے بہت صبر سے کام لیا ہے لیکن اب وقت ہے کہ ان سے پوچھا جائے کہ فنڈز کہاں گئے؟ کارکنوں کو جیلوں میں تنہا چھوڑ دیا گیا، زخمیوں کا علاج نہیں ہو رہا، جبکہ خان بدستور جیل میں ہیں۔ ایسے حالات میں روزانہ کی پُرتکلف باتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا شیر افضل مروت بھی انہی لوگوں کی سازشوں کا شکار ہوا، جس کا براہِ راست فائدہ اسٹیبلشمنٹ کو پہنچا۔ لوگ یہ کیوں نہیں سمجھ رہے کہ پارٹی میں تقریباً ہر وہ فیصلہ کیا گیا جس سے عمران خان اور پی ٹی آئی کی تنظیم و طاقت کو نقصان پہنچا۔
