مقتدرہ نے حکومت سے صوبوں کے معاملے پر گفتگو نہیں کی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مقتدرہ نے ابھی تک حکومت سے صوبوں کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں کی، نہ ہی یہ معاملہ ابھی تک کابینہ یا پارلیمنٹ میں زیر بحث آیا ہے۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے رانا ثنا کا کہنا تھا کہ جو وفاقی وزرا نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں وہ کوئی فارمولا تحریری شکل میں سامنے رکھیں، کیا علیم خان نے صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ پیش کیا ہے ؟ صرف بات کرنے سے یا پوڈکاسٹ کرنے سے تو صوبے نہیں بن سکتے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے اب تک کوئی پلان نہیں بنایا گیا ہے، کوئی کہہ رہا ہے 12 صوبے ہوں گے،کوئی 32 اور کوئی 20 کہہ رہا ہے، کیا کوئی آدمی محض خیالی طور پر یہ کہہ سکتا ہےکہ ملک میں ایسا ہونا چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کا معاملہ تو صرف کراچی کی حد تک ہے، عوامی سطح پر صوبوں سے متعلق کوئی مقبول ڈیمانڈ نہیں ہے، سوائے صوبہ ہزارہ کے کہیں بھی عوام مطالبہ نہیں کر رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی، ہماری یہ سوچ ہے کہ عام آدمی کے مسائل اس کی دہلیز پر حل ہونے چاہئیں۔
