پی ٹی آئی کے سابق رہنما ٹک ٹاکر حریم شاہ کی حمایت میں سامنے آگئے

(قدرت روزنامہ)پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے فیصلے کے بعد ایک برطانوی پاکستانی تاجر اور 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق امیدوار دانیال ملک اُن کے دفاع کے لیے سامنے آگئے .

حریم شاہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرنے کے بعد تنقید کی زد میں آگئی ہیں جس میں انہیں برطانوی پاؤنڈز کی بھاری رقم کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے اور ویڈیو کلپ میں اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان سے بھاری رقم کامیابی کے ساتھ برطانیہ لے گئیں .

اب گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سابق رہنما دانیال ملک نے حریم شاہ کے دفاع میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ویڈیو میں حریم شاہ کے پاس جو رقم تھی وہ میری تھی اور اس میں کسی قسم کی کوئی منی لانڈرنگ نہیں تھی . ‘

جیونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے دانیال ملک نے کہا کہ ’ویڈیو میں نظر آنے والے ہزاروں پاؤنڈز کی نقدی رقم لیگل تھی اور انہوں نے وہ رقم حریم شاہ کے حوالے کی تھی تاکہ وہ مزاحیہ ویڈیو بناسکیں . ‘

دانیال ملک نے بتایا کہ ’سال 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے این اے 68 گجرات سے حسین الٰہی اور نواب زادہ غضنفر علی کے مقابلے میں کھڑے تھے، وہ الیکشن ہار گئے تھے جس کے بعد وہ منی ٹرانسفر کا کاروبار چلانے کے لیے برطانیہ واپس آگئے تھے .

اُنہوں نے کہا کہ ’میں صادق اور امین ہوں اور سب جانتے ہیں کہ گجرات میں اور میں کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ میرے کاروبار کا پیسہ تھا . حریم میری بہن جیسی ہے، وہ مجھ سے ملنے آئی تھی اور میرے ہاتھ میں نقدی رقم دیکھی جسے میں بینک میں جمع کرنے جا رہا تھا، اس نے مجھ سے پوچھا کہ کیا وہ ویڈیو بنا سکتی ہے اور میں نے حریم کو اجازت دے دی . ‘

دانیال ملک نے کہا کہ ’وہ ہر فورم پر حریم شاہ کا ساتھ دیں گے، انہوں نے وفاقی وزیر شیخ رشید اور دیگر سے کہا کہ وہ حریم شاہ کو نشانہ بنانے کے بجائے حقیقی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا پیچھا کریں . ‘

واضح رہے کہ حریم شاہ نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دوحا کیلئے سفر کیا تھا، حریم شاہ نے بھاری رقم کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور ان ویڈیوز میں اعتراف کیا کہ وہ بھاری غیر ملکی کرنسی پاکستان سے برطانیہ لے کر آئی ہیں .

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں حریم شاہ نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں روکا نہ ہی روک سکتا ہے، پہلی مرتبہ پاکستان سے یو کے اتنا بڑا اماؤنٹ لے کر آرہی تھی، پاکستانی پیسے اور پاسپورٹ سمیت کسی چیز کی وقعت نہیں .

حریم نے اپنے فالوور سے یہ بھی کہا کہ آپ لوگ اماؤنٹ لاتے وقت خیال کیجیے گا کیونکہ پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور کہہ بھی نہیں سکتے، میں تو بہت آسان اور محفوظ طریقے سے پہنچ گئی .

خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبریں میڈیا پر چلنے کے فوری بعد حریم شاہ نے اس حوالے سے ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردی تھیں .

. .

متعلقہ خبریں