ثاقب چدھڑ کے انٹرویو پر مومنہ اقبال برہم، ثبوتوں کو جعلی قرار دے دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے اپنے اور اپنی بہن کے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا۔
ثاقب چدھڑ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا۔ اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کا انٹرویو کرنے والی میزبان کے ولیمے کی ویڈیو بھی اپنی اسٹوری میں شیئر کی۔
مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چدھڑ نے پوڈکاسٹ اپنی دوست کے ساتھ کیا اوراسی کے سامنے ایسے ثبوت پیش کیے جنہیں اداکارہ نے جعلی قرار دیا۔ ان کے مطابق ان ثبوتوں کی تصدیق بھی میزبان کی دوست سے ہی کروائی گئی۔
اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ معاملہ عوامی سطح پر لے کر آئے ہیں تو انہیں مبینہ ثبوت بھی عوام کے سامنے کیمرے پر پیش کرنے چاہئیں تھے، تاکہ لوگ خود فیصلہ کرسکیں کہ حقیقت کیا ہے اور جھوٹ کیا۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے پابندیوں کے باعث وہ فی الحال بعض مواد منظر عام پر نہیں لاسکتیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ثاقب چدھڑ کے وائس نوٹس اور ان کی اہلیہ کی جانب سے کی جانے والی مبینہ ریکارڈڈ فون کالز بھی موجود ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے پاس موجود تقریباً 50 سیکنڈ کا ایک وائس نوٹ بھی ثاقب چدھڑ کے دعوؤں کے جواب کے لیے کافی ہے۔ مومنہ اقبال نے اپنی اسٹوری کے اختتام پر لکھا کہ ’آپ کا جو دل کررہا ہے، آپ کررہے ہیں، لیکن ہمیں اللہ پر بھروسا ہے۔‘
مومنہ اقبال کے شوہر کا بھی سنگین دعویٰ دوسری جانب مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے بھی ثاقب چدھڑ کے خلاف سنگین الزام عائد کیا ہے۔حمزہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب انہیں اور مومنہ اقبال کو جان سے مارنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
