لاہور کے 4 پٹرول پمپس پر شہریوں سے 40 کروڑ روپے کا فراڈ، ملزمان گرفتار
موبائل ایپ کے ذریعے جدید انداز میں ٹیمپرنگ کرکے 30 فیصد کم پیٹرول ڈالا جا رہا تھا، چیکنگ میں پیمانہ پورا نکلتا تھا، پٹرول پمپس نے صرف ایک سال میں 40 کروڑ روپے ناجائز منافع کمایا، 10 ڈیجیٹل کٹس اور 14 موبائل برآمد

لاہور(قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے 4 پٹرول پمپس پر شہریوں سے 40 کروڑ روپے کے ڈیجیٹل فراڈ کا پردہ فاش کرتے ہوئے جوہر ٹاؤن، کینٹ، گلشن راوی اور بند روڈ پر چھاپوں کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کرکے پمپس سیل کردیئے، 10 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس اور 14 موبائل فونز برآمد کیے گئے، متعلقہ پٹرول پمپس کے لائسنس معطل کرنے کے لیے اوگرا کو خطوط بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، کینٹ، گلشن راوی اور بند روڈ پر واقع پٹرول پمپس پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ان چار پٹرول پمپس پر مارے گئے چھاپوں میں 10 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس اور 14 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، گرفتار ہونے والوں میں دو ایپ ڈویلپرز بھی شامل ہیں، جن کی نشاندہی پر چاروں پٹرول پمپس کو سیل کر دیا گیا، اس کے علاوہ ڈیجیٹل کٹس بنانے اور پٹرول مشینوں میں نصب کرنے والا ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس فراڈ میں موبائل ایپ ’ہوم لوڈ‘ کی مدد سے پٹرول کی مشینوں کو کنٹرول کیا جا رہا تھا جس کے ذریعے پٹرول پمپ انتظامیہ کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ صارفین کو 10 سے 30 فیصد تک کم پٹرول ڈال سکے، لاہور میں بہت سے پٹرول پمپس پر ایسا جدید سسٹم انسٹال کیا گیا تھا جسے عام چیکنگ کا کوئی نظام ٹریس نہیں کر سکتا تھا، یہی وجہ تھی کہ ضلعی انتظامیہ کی چیکنگ کے دوران پیمانہ بالکل پورا نکلتا تھا۔
این سی سی آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ یہ ڈیجیٹل سسٹم ہائی اوکٹین پر نصب نہیں کیا جاتا تھا بلکہ صرف ریگولر پٹرول اور ڈیزل کی مشینوں پر اس ایپ کو انسٹال کیا جاتا تھا، مشینوں کی پروگرامنگ و الیکٹرانک سگنلز میں ردوبدل کرکے شہریوں کو لوٹا جا رہا تھا، شہر کے ان چار پٹرول پمپس نے موبائل ایپ کے ذریعے اس ڈیجیٹل فراڈ سے محض ایک سال کے دوران 40 کروڑ روپے کا ناجائز منافع کمایا، جن کیخلاف مزید کارروائی کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو متعلقہ پٹرول پمپس کے لائسنس معطل کرنے کے لیے باضابطہ خطوط ارسال کردیے گئے۔
