وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، کاروباری قرض کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں نمایاں توسیع کرتے ہوئے کاروباری قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 7.5 ملین روپے سے بڑھا کر 25 ملین روپے (ڈھائی کروڑ روپے) کردی ہے، جس کے تحت نوجوان کاروباری افراد کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ مالی معاونت فراہم کی جاسکے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے تمام بینکوں کو جاری کردہ سرکلر کے ذریعے اسکیم میں نئے ٹیئر 4 متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے، جس کے تحت اہل درخواست گزار 75 لاکھ روپے سے زائد اور ڈھائی کروڑ روپے تک قرض حاصل کرسکیں گے۔
سرکلر کے مطابق نئے ٹیئر 4 کے تحت زیادہ سے زیادہ 8 سال کے لیے طویل المدتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جس میں ایک سال تک کی رعایتی مدت بھی شامل ہوگی۔ قرض کے لیے ضمانت اور سیکیورٹی کی شرائط متعلقہ بینک اپنی پالیسی کے مطابق طے کریں گے۔
نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت قرض کی حد کو چار ٹیئرز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے مطابق ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ ایک روپے سے 15 لاکھ روپے تک، ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک جبکہ نئے ٹیئر 4 میں 75 لاکھ روپے سے زائد اور ڈھائی کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔
ایس بی پی کے سرکلر کے مطابق ٹیئر 4 کے لیے بینکوں کی فنانسنگ شرح 6 ماہ کے کائبور (KIBOR) پلس 2.4 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرض لینے والے افراد کو 8 فیصد شرح سود ادا کرنا ہوگی۔
قرضوں کی فراہمی سے متعلق مالی خطرات کم کرنے کے لیے مجموعی قرضوں کے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔ نئے ٹیئر 4 پر ٹیئر 3 کی دیگر شرائط و ضوابط بھی لاگو ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹیئر 3 کے لیے بینک فنانسنگ کی شرح بھی نظرثانی کے بعد 6 ماہ کے کائبور پلس 2.4 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
دوسری جانب لیپ ٹاپ فار آل اور بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اسکیم کے اجزا کو نئے فریم ورک کے تحت ٹیئر 5 میں منتقل کردیا گیا ہے۔
حکومت نے بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اسکیم کے تحت خواتین قرض درخواست گزاروں کا کوٹہ بڑھا کر کم از کم 30 فیصد کیا جائے، تاکہ خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
اسٹیٹ بینک کے سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار سمیت اسکیم کی دیگر شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گی۔ نئی شرائط کا اطلاق سرکلر کے اجرا کے بعد تقسیم کیے جانے والے قرضوں پر ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت تین ٹیئرز میں قرض فراہم کیا جاتا تھا، جن میں ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زائد اور 15 لاکھ روپے تک قرض پر 5 فیصد جبکہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے زائد اور 75 لاکھ روپے تک قرض پر 7 فیصد مارک اپ وصول کیا جاتا تھا۔
وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو کاروبار اور زرعی منصوبے شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر مالی معاونت فراہم کرنا، ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لیے روزگار و خود روزگاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert