عطا تارڑ کا سرکاری سطح پر “سانجھ” کے نام سے پنجابی نیوز چینل لانچ کرنے کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور میں جاری چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کا دوسرا روز بھی ثقافتی رنگوں، ڈھول کی تھاپ اور فکری نشستوں کے نام رہا۔ کانفرنس میں شریک وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے سرکاری سطح پر “سانجھ” کے نام سے پنجابی نیوز چینل لانچ کرنے کی خوشخبری سنا دی۔
چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی، مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے سرکاری سطح پر “سانجھ” کے نام سے چینل لانچ کیا جا رہا ہے، جبکہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر بھی پنجابی پروگرامز چلائے جائیں گے۔ننکانہ صاحب کی دھرتی سے اپنے تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے پنجاب کے اصل ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پنجابی کو نصاب کا حصہ بنانے اور سکھ بہن بھائیوں کے ویزہ مسائل کے حل میں مدد کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اگلے سال کانفرنس اسلام آباد میں کرانے کی تجویز اور چارٹر آف ڈیمانڈ بھی طلب کر لیا۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے آئے مندوبین اور ادب سے جڑی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہے۔ مختلف سیشنز میں پنجابی زبان کے فروغ، کسانوں کے مسائل اور ڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل کو زبان سے جوڑنے پر گفتگو کی گئی۔
منتظمین اور شرکا کا کہنا ہے کہ پنجابی چینل کے اجرا اور حکومتی سرپرستی سے زبان اور ثقافت کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی اور نئی نسل اپنی جڑوں سے جڑی رہے۔
