سیاسی اختلافات اور انتقام کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دیں، بلاول بھٹو کا رحیم یار خان میں خطاب

رحیم یار خان (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر عوامی مشکلات کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ اگر سیاسی قیادت متحد ہو کر جمہوری اور آئینی طریقے سے مسائل کا مقابلہ کرے تو کوئی مشکل پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔

رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے مفت علاج کے اسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سیاست دانوں کی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین سے انتقام لینے پر مرکوز رہے گی تو یہ عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔ حکمرانوں، سیاست دانوں اور پارلیمان کو عوام کے اصل مسائل، خصوصاً بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت غیر معمولی معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ ملکی اور علاقائی حالات کے باعث یہ مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ ان پر پڑنے والا معاشی بوجھ کم کیا جائے، مزدور کو اس کی محنت کا پورا صلہ اور کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت ملے، جبکہ بزرگوں اور بیمار افراد کے علاج کے لیے بھی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ ایسے منصوبے شروع کیے جائیں جن سے مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف ملے۔ سندھ میں ایس آئی یو ٹی کے مفت علاج کے اسپتال قائم کیے گئے ہیں اور اب اسی طرز کی سہولت رحیم یار خان میں بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ معاشی مشکلات کے دوران عام آدمی کے لیے مفت علاج کی سہولت بہت بڑی مدد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی اسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ ان تمام سہولتوں کے تحت علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوا ہے اور کوشش ہے کہ اگلے سال کے اندر پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہاں مفت علاج کی سہولت شروع کر دی جائے۔ دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ اس منصوبے پر پیشرفت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعاون بھی اہم ہے، جنہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ماضی کی سیاسی کشمکش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک حکومت کے شروع کیے گئے منصوبے دوسری حکومت آنے پر رک جاتے تھے، پھر حکومت بدلنے پر نئے منصوبے شروع ہوتے اور پہلے والے ادھورے رہ جاتے تھے۔ اس سیاسی کھینچا تانی کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف نے یہ طے کیا تھا کہ دونوں جماعتیں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھیں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم کریں گی اور انتخابات میں سیاسی مقابلہ کرنے کے باوجود حکومتیں گرانے کی سازشوں میں شریک نہیں ہوں گی۔ ایک دوسرے کے شروع کیے گئے عوامی منصوبوں کو بھی نہیں روکا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس جمہوری روایت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی بھی یہی چاہتی ہے کہ دوسری جماعتوں کے عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور حکومتیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کریں۔ اسی طرزِ عمل سے عوام کی خدمت ممکن ہے، ورنہ سیاسی محاذ آرائی میں عوامی منصوبے متاثر ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے منصوبے کے لیے زمین کی فراہمی میں تعاون پر پارٹی کے ڈویژنل صدر جاوید اکبر اور سندھ کے وزیراعلیٰ و ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert