تھکے ہوئے پاؤں کو سکون کیسے دیں؟ گھر پر قدرتی فٹ اسکرب بنانے کا آسان طریقہ

لاہور(قدرت روزنامہ)دن بھر کی بھاگ دوڑ، مسلسل کھڑے رہنے اور چلنے پھرنے سے پاؤں میں تھکاوٹ اور اکڑاؤ محسوس ہونا عام بات ہے۔
اکثر ہم چہرے اور بالوں کی خوبصورتی پر تو خاص توجہ دیتے ہیں لیکن جسم کا سارا بوجھ اٹھانے والے پاؤں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
تاہم پاؤں کی دیکھ بھال کے لیے مہنگے پارلر جانے کی ضرورت نہیں، گھر میں موجود چند عام چیزوں سے بھی انہیں نرم و ملائم اور تروتازہ بنایا جا سکتا ہے۔
پاؤں کو نیم گرم پانی میں بھگوئیں
ایک ٹب میں نیم گرم پانی لیں اور پاؤں کو 10 سے 15 منٹ تک اس میں بھگو کر رکھیں۔ اس سے جلد نرم ہونے اور پٹھوں کی تھکاوٹ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
قدرتی فٹ اسکرب تیار کریں
تھوڑی مقدار میں اوٹس (جئی) کو باریک پیس لیں اور اس میں ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر پیسٹ تیار کر لیں۔
شہد جلد کی نمی برقرار رکھنے جبکہ اوٹس مردہ جلد کی صفائی میں مدد دیتے ہیں۔
تیار کردہ پیسٹ کو پاؤں، تلووں اور ایڑیوں پر لگائیں اور 2 سے 3 منٹ تک گول دائروں میں ہلکے ہاتھ سے مالش کریں۔ زخمی یا پھٹی ہوئی جلد پر اسکرب لگانے سے گریز کریں۔
گرم تولیے کا استعمال
پاؤں کو صاف پانی سے دھونے کے بعد نیم گرم پانی میں بھیگا ہوا تولیہ نچوڑ کر دو منٹ کے لیے پاؤں کے گرد لپیٹ دیں۔
موئسچرائزر لگانا نہ بھولیں
آخر میں پاؤں کو اچھی طرح خشک کر کے موئسچرائزر یا لوشن لگائیں تاکہ جلد کی نمی اور نرمی برقرار رہے۔
ہفتے میں ایک بار یہ آسان اور کم خرچ طریقہ اپنانے سے پاؤں کی تھکاوٹ کم کرنے اور جلد کو نرم و ملائم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
