پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔
بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نےملک میں صحت کے نظام اور بیماریوں سے بچاؤ پر اہم گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔ اسپتالوں میں عمارتیں، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور مشینری فراہم کرنا ہیلتھ کیئر کی ترجیح نہیں، بلکہ اصل ہیلتھ کیئر لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ہیلتھ کیئر نہیں بلکہ اسے سک کیئر (بیماریوں کا علاج) کہا جاتا ہے۔ لاکھوں روپے فیس لینے والے نجی اسپتال بھی مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اور مہنگی فیس دینے کے باوجود مریضوں کو بیڈ نہیں مل رہے۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق سفارش کے ذریعے مریضوں کو اسپتالوں میں بیڈ دلوانے کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ آج ہم کتنے اسپتال بنائیں گے اور کتنے ڈاکٹرز و طبی عملے تیار کریں گے؟ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے، معیشت کمزور اور وسائل محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ نہ دی تو اسپتالوں کی تعداد بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور صحت کے نظام کی اصل توجہ بیماریوں سے بچاؤ پر ہونی چاہیے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران امریکا، برطانیہ، یورپ، چین، بھارت اور ترکی کا صحت کا نظام دباؤ برداشت نہ کرسکا۔ ایک وقت میں بڑی تعداد میں لوگوں کے بیمار ہونے سے دنیا کی بڑی طاقتوں کے اسپتالوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وبا نہیں لیکن مختلف بیماریوں کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔ پاکستان کا صحت کا نظام بھی خدانخواستہ تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق پاکستان کی آبادی 36 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، آبادی میں سالانہ اضافے کی شرح ڈھائی فیصد ہے جبکہ پاکستان میں شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔ آبادی میں اضافے کی رفتار کم نہیں ہو رہی اور پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی کا اضافہ کر رہا ہے، جبکہ پانچ سال میں پاکستان کی آبادی میں آسٹریلیا جتنی آبادی کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بیماریوں کے بوجھ کے پیش نظر کتنے اسپتال تعمیر کیے جائیں گے؟ ہر گلی کے کونے پر اسپتال بنا دیں تب بھی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات پوری نہیں ہوسکتیں۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اور یہ شعبہ قومی معیشت سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔ پاکستان کو درپیش دیگر چیلنجز کے ساتھ بیماریوں کا بڑھتا ہوا بوجھ بھی بڑا خطرہ ہے، اس لیے صحت کے شعبے کو قومی سلامتی اور معاشی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قومی سیاستدانوں کو فیتے کاٹنے اور تختیاں لگانے کا بہت شوق ہوتا ہے۔ اسپتال بنا کر فیتہ کاٹنا اور اخبار میں تصویر چھپوانا سیاستدانوں کی ترجیح ہوتی ہے، تاہم ہمیں صرف اسپتال بنانے میں دلچسپی نہیں بلکہ اسپتالوں میں سہولیات کی ضرورت ہے، صرف نئی عمارتیں بنانے کی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد موجودہ اسپتالوں پر مریضوں کا رش کم کرنا ہے۔ ہماری ترجیح ہے کہ انسان بیمار ہی نہ ہو اور ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو بیماری سے بچایا جائے۔ پاکستان میں حقیقی معنوں میں صحت کی سہولیات کا نظام رائج نہیں، ہمارا نظام صحت کا نہیں بلکہ بیماروں کی دیکھ بھال کا نظام ہے اور ہم اسپتال بنا کر مریضوں کا انتظار کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 11 ہزار مائیں دورانِ حمل اور زچگی زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، جبکہ ہر سال چار لاکھ بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ پاکستان میں روزانہ تقریباً 1300 بچے جاں بحق ہو رہے ہیں، جنہیں بچایا جاسکتا ہے۔ ماؤں کی غذائی قلت کے باعث کمزور بچوں کی پیدائش اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غذائی قلت کے باعث بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان میں 43 فیصد بچے کم عمری میں نشوونما کی کمی کا شکار ہیں۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق بچوں کی نشوونما میں کمی ملک کے مستقبل اور معیشت کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ صحت کے مسائل کو قومی سلامتی اور قومی معیشت کا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ لوگوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور اپنی عادات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ معاشرے میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی کے باعث معاشرے میں بیماریوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ رات دیر سے کھانا اور صبح دیر تک سونا انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، ہمیں اپنے رہن سہن، کھانے پینے اور سونے جاگنے کے معمولات تبدیل کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی زندگی کے لیے ایک فطری نظام مقرر کیا ہے اور انسانی جسم ہماری مرضی کے مطابق نہیں بلکہ ایک فطری نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ جس طرح موبائل فون کے استعمال کا طریقہ بتایا جاتا ہے، اسی طرح انسان کی زندگی کے لیے بھی رہنما اصول موجود ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کتنے ہی جدید اور مہنگے اسپتال بنا لیں، بیماریوں سے بچاؤ کے بغیر صحت کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہماری ترجیح لوگوں کو مہنگے اسپتالوں میں علاج فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں بیمار ہونے سے بچانا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کے اسپتال آنے کا انتظار نہ کریں بلکہ انہیں پہلے سے صحت کا خیال رکھنے کی آگاہی دیں۔ اسپتال آنے والے ہر شخص کو بیماریوں سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں میں صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق باقاعدہ رہنما اصول مرتب کریں۔ صحت سے متعلق آگاہی کو ابتدائی تعلیم کے نصاب میں شامل کیا جائے اور تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم پرائمری نصاب میں صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق تعلیم شامل کریں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی قدرتی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دینا ہوگی۔ حکومت اور طبی ادارے مل کر عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کریں گے۔ بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی ذیابیطس کے خلاف اہم کام کر رہا ہے۔ ذیابیطس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوام کو پہلے سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک میں ابھی تمام افراد کی ذیابیطس کی اسکریننگ نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے وزیراعظم کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ملک بھر کی اسکریننگ کے بعد ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 10 کروڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ذیابیطس کے باعث گردے، آنکھیں اور جسم کے دیگر اعضا متاثر ہوتے ہیں۔ بچوں کو صحت سے متعلق آگاہی دے کر والدین کی عادات میں بھی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ ایک دن کا کام نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل آگاہی اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
