حریم شاہ کی بھاری رقم کے ساتھ ویڈیو کا معاملہ، حکومت کا بھی ردِعمل آ گیا
لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی ٹک ٹاکر حریم شاہ کی بھاری رقم کے ساتھ ویڈیو سامنے آنے پر بیان دیا ہے۔انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا، حریم شاہ کے معاملے پر ایف آئی اے نے نوٹس لیا ہے اور انکوائری شروع کر دی ہے۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ برطانوی ایجنسی سے بھی حریم شاہ کی ویڈیو شئیر کی گئی ہے۔
جبکہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کی جانب سے نہ تو کوئی سمن ملا ہے اور نہ ہی ادارے کے کسی فرد نے ان سے تاحال کوئی رابطہ کیا۔ ایف آئی اے کراچی کے سائبر اور منی لانڈرنگ ونگ نے بتایا تھا کہ حریم شاہ کے خلاف رقم کی غیر قانونی منتقلی اور سائبر کرائم سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی۔
حریم شاہ نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ ان کے خلاف ایف آئی اے نے تفتیش شروع کردی ،ان سے نہ تو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے رابطہ کیا، نہ ہی انہیں سمن ملا اور کسی نے فون کرکے انہیں تحقیق سے متعلق بتایا۔
حریم شاہ نے برطانیہ میں موجود پاکستانی صحافی کو بتایا کہ وہ تفتیش کیلئے ایف آئی اے سے مکمل تعاون کریں گی اور یہ کہ انہیں تفتیش سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، انہوں نے کوئی غلط کام ہی نہیں کیا۔حریم شاہ نے کہا کہ انہوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ مذاق میں ویڈیو بنائی تھی، انہوں نے نہ تو کوئی منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی انہوں نے کبھی ایسا کوئی غیر قانونی کام کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہوئی ہیں، ٹک ٹاکر نے واضح کیا کہ انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا۔ان کے ساتھ ویڈیو میں موجود شخص نے اپنا نام دانیال ملک بتایا اور دعویٰ کیا کہ حریم شاہ نے ان کے پیسوں کے ساتھ ہی ویڈیو بنائی تھی۔ دانیال ملک نے بتایا کہ وہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کیساتھ منسلک رہے ہیں اور 2018 کے عام انتخابات میں گجرات کے این اے 68 کے حلقے سے سیٹ دینے پر ان سے ساڑھے تین کروڑ روپے مانگے گئے تھے۔دانیال ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ عمران خان سے بھی مل چکے ہیں اور وہ گجرات کے واحد صادق و امین شخص ہیں، جن سے پی ٹی آئی والوں نے ٹکٹ کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے مانگے تھے۔