پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ، وفاق اور اوگرا کو نوٹس جاری

لاہور(قدرت روزنامہ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاق اور اوگرا کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹیسمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

کیس کی سماعت جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران پیٹرول 30 روپے اور ڈیزل 25 روپے سے زائد فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے کے کئی ممالک سے نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔

قیمتوں میں اضافے کے لیے صرف عالمی منڈی کا حوالہ دینا کافی نہیں، حکومت فی لیٹر قیمت کا مکمل اور شفاف فارمولہ عدالت کے سامنے پیش کرے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہو چکا ہے جس نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا مکمل ‘پرائس بلڈ اپ’ طلب کیا جائے اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert