فاٹا، پاٹا ٹیکس چھوٹ اسکیم میں 400 ارب روپے کی مبینہ ٹیکس چوری، سینیٹ ذیلی کمیٹی کا صنعتی یونٹس کا معائنہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے فاٹا اور پاٹا کے لیے ٹیکس چھوٹ اسکیم کے تحت درآمد کیے گئے خام مال میں مبینہ 400 ارب روپے کی ٹیکس چوری اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں سخاکوٹ اور درگئی کے مختلف صنعتی یونٹس کا دورہ کیا۔ کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی سربراہی میں وفد میں سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر عمر فاروق بھی شامل تھے۔ دورے کے دوران ایف آئی اے اور ایف بی آر کے حکام بھی موجود تھے۔

صنعتی یونٹس کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے دعویٰ کیا کہ 2018ء سے 2026ء کے دوران فاٹا اور پاٹا ٹیکس چھوٹ اسکیم کے تحت 1120 ارب روپے مالیت کا خام مال درآمد کیا گیا، تاہم اس میں سے صرف 389 ارب روپے کا ریکارڈ دستیاب ہے۔

ان کے مطابق باقی 731 ارب روپے مالیت کے خام مال کا ریکارڈ ایف بی آر کے پاس موجود نہیں، جبکہ 85 ارب روپے کے پے آرڈرز بھی جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی غفلت اور مبینہ ملی بھگت کی تحقیقات ضروری ہیں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے مطابق کمیٹی نے گھی ملوں، اسٹیل ملز اور چائے کے کارخانوں کا معائنہ کیا، جہاں بعض صنعتی یونٹس کی پیداواری سرگرمیاں اور خام مال کی دستیابی ان کے دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بعض فیکٹریوں کا ماہانہ کوٹہ 4 سے 5 ہزار ٹن ہونے کے باوجود موقع پر خام مال کی موجودگی انتہائی کم تھی۔ ان کے بقول کمیٹی کے دورے سے قبل فیکٹریوں میں چند ڈبے رکھ کر اور مشینیں چلا کر انتظامات کیے گئے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ قوانین اور ایس آر او کے تحت ایف بی آر کو کنزمپشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے پہلے فیکٹریوں کی پیداواری صلاحیت اور خریداروں کے بینک ریکارڈ کی تصدیق کرنا ہوتی ہے، تاہم اس عمل میں مطلوبہ جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق مبینہ طور پر جعلی کمپنیوں کے نام پر ٹیکس چھوٹ حاصل کرکے خام مال دیگر شہروں میں فروخت کیا گیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بتایا کہ کمیٹی کے دورے سے قبل ایف بی آر کے چیئرمین نے دو افسران، کمشنر فوزیہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون خٹک کو معطل کیا ہے، تاہم ان کے بقول تحقیقات کا دائرہ اعلیٰ حکام تک بھی بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے چیف کمشنر تقی قریشی، ممبر آپریشنز زبیر بلال، چیئرمین ایف بی آر اور سیکریٹری خزانہ سمیت متعلقہ حکام کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق کمیٹی نے ایف آئی اے کو ملوث قرار دیے جانے والے افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ٹیکس بے ضابطگیوں کے معاملے میں نامزد ایف بی آر کے 4 اعلیٰ افسران کو حکومت نے ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی وزیراعظم کو خط لکھ کر ان افسران کے اعزازات کی نامزدگی واپس لینے کا مطالبہ کرے گی۔ صنعتی یونٹس کے معائنے کے دوران تیار کیے جانے والے گھی کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ کمیٹی اس معاملے کی تحقیقات منطقی انجام تک پہنچائے گی اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی وصولی کے لیے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ذیلی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں چیئرمین ایف بی آر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکس چوری میں ملوث پائے جانے والے افسران اور فیکٹری مالکان سے قانون کے مطابق جواب طلب کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert